سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں گوادر سے کراچی آنے والے او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے 7 اہلکار اور 7 سیکیورٹی گارڈز شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامیہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کا سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور جواب دیا۔
ترجمان پاک فوج کے اعلامیے کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے کو علاقے سے بحفاظت نکالا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
دہشت گردوں سے جھڑپ میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں صوبیدار عابدحسین، نائیک محمد انور، لائنس نائیک افتخاراحمد، لانس نائیک عبداللطیف، سپاہی محمدوارث، سپاہی عمران خان، سپاہی محمدنوید، حوالدار ریٹائرڈ سمند خان، محمد فواد اللّٰہ، عطاء اللّٰہ، وارث خان، عبدالنافع، شاکر اللّٰہ اور عابد حسین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن وترقی کو نقصان پہنچانےکی دشمن کی بزدلانہ کارروائی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔