• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: چندریگر روڈ، لیاری، لانڈھی میں آتشزدگی


کراچی کے علاقوں لانڈھی، آئی آئی چندریگر روڈ اور لیاری میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔

کراچی میں لیاری کے علاقے میں گودام میں، آئی آئی چندریگر روڈ پر کمپیوٹر مارکیٹ کی 3 دکانوں میں اور لانڈھی میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی، اول الذکر دونوں جگہ آگ پر قابو پا لیا گیا۔

کراچی میں لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگی آگ پر ابھی تک قابو نہ پایا جا سکا۔

آگ کی شدت سے پرانے کپڑوں کی فیکٹری کی چھت گر گئی، جبکہ آگ نے ایک اور فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا ہے، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، تاہم آگ پر قابو پانے میں مسائل کا سامنا ہے۔

سیکریٹری ای پی یو ناصر ہدایت کے مطابق آگ لگنے سے 2 فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئی ہیں، آگ لگنے سے ایک فیکٹری کی چھت بھی گر گئی۔

اسٹیشن فائر آفیسر کے مطابق آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں اور اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا ہے۔


اس سے قبل آئی آئی چندریگر روڈ پر یونی پلازہ میں واقع کمپیوٹر اور الیکٹرونکس بورڈ کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ نے وقت پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔

لیاری کے علاقے چاکیواڑہ کے قریب جھٹ پٹ مارکیٹ میں واقع چپس اور دیگر اشیاء کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی، جس سے گودام میں موجود ٹرک سمیت 4 سے 5 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، یہاں بھی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

ان دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

تازہ ترین