• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ اور ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کے درمیان ہوئے مبینہ جھگڑے کے بعد ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک پنجاب تعینات کر دیئے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او عمر شیخ نے ناراض ہو کر ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار سے مراعات واپس لے لی ہیں۔

واضح رہے کہ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ اور ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار میں جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے دوران میٹنگ میں موجود دیگر افسران نے ان کے درمیان بیچ بچاؤ کروایا۔

موٹر وے واقعے کے مرکزی ملزم عابد ملہی کیس میں اعتماد میں نہ لینے پر اور گرفتاری کے متعلق پہلے آئی جی پنجاب انعام غنی کو بتانے پر سی سی پی او عمر شیخ عاصم افتخار پر برہم ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او نے ایس پی سی آئی اے کو سیف سٹی اتھارٹی طلب کیا تھا، سی سی پی او کے سامنے پیش ہونے پر سی سی پی او عمر شیخ اور ایس پی عاصم افتخار میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او نے ایس پی سی آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے دی، جس کے جواب میں ایس پی سی آئی اے نے کہا کہ میں سپاہی نہیں ہوں جو مقدمہ درج کریں گے۔

سی سی پی او عمر شیخ نے واقعے کے بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ مؤقف لینے کے لیے جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر سی سی پی او نے نو کمنٹس کہا تھا۔

تازہ ترین