• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولٹن میں عید میلادالنبیﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دیگر شہروں کی طرح بولٹن میں بھی عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جانے لگی، مکہ مسجد کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجانے کے علاوہ قریبی مکانوں، دکانوں کو بھی سرسبز بینرز، خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، حضورﷺکی ولادت میں مسجد کے آس پاس کے علاقے برقی قمقموں سے جگمگ کررہے ہیں، اس سلسلے میں نقشبندیہ اسلمیہ فائونڈیشن کے زیراہتمام معروف روحانی شخصیت خواجہ صوفی محمد اصغر اسلمی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے باعث اس سال جلوس و جلسے گزشتہ برسوں کی طرح نہیں ہوں گے۔ لاک ڈائون کے پیش نظر انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام آن لائن کیا جائے گا۔ یہ تقریب آج اتوار18اکتوبر کو صاحبزادہ پیر ریاض احمد اسلمی سجادہ نشین آستانہ عالیہ شاد پور شریف کی زیر صدارت منعقد ہوگی جس کی سرپرستی شیخ صوفی محمد اصغر اسلمی کریں گے، تقریب میں جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور ثناء خواں مصطفے کی ایک بڑی تعداد آن لائن شرکت کرے گی۔ تقریب کا خصوصی انتظام خلیفہ صوفی مشتاق حسین نے کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریب کا منظر دنیا بھر میں یو ٹیوب و فیس بک پر لائیو دیکھا جاسکے گا جس کا لنک روزنامہ جنگ لندن کے اشتہار پر موجود ہے، اس موقع پر خلیفہ صوفی مشتاق حسین نے کہا کہ پروگرام کو یقینی طور پر کامیاب بنانے کےلئے نوجوانوں نے جس طرح اپنی خدمات کو پیش کرنے کا اظہار کیا ہے اس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر تصدق حسین، صوفی محمد قاسم، صوفی اشفاق احمد، صوفی محمد ابراہیم کے علاوہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تازہ ترین