• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کو نہ گھبرانے کا مشورہ


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو نہ گھبرانے کا مشورہ دے دیا۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان صاحب ابھی تو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا دوسرا جلسہ ہے، آپ نے’ گھبرانا نہیں‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب نے اپوزیشن اتحاد کی کراچی ریلی دیکھ کر اپنی اگلی تقریر لکھنی شروع کردی ہے جبکہ عوام نے آپ کا استعفیٰ لکھ دیا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کراچی ریلی کے بعد عمران خان صاحب کو ظرف اور صبر دے۔


مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ‎عمران صاحب، آپ اور کرائے کے ترجمان نواز شریف کو صبح، دوپہر، شام اور رات کو یاد کریں، عوام کی فکر کا بیڑا ہم نے اُٹھا لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب ووٹ چوری کر کے مسلط ہوں تو عوام کا ردِعمل دیکھیں، جنہوں نے آپ کا استعفیٰ لکھ دیا ہے۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب اور کرائے کے ترجمان روزانہ رونے کی عادت ڈال لیں کیونکہ اب ہر روز آپ کو رونا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو بچوں نے ’عمران انکل‘ اور ان کی کرائے کی ٹیم کی دوڑیں لگوادی ہیں، خان صاحب اور ترجمانوں کی چیخیں بتارہی ہیں کہ نوازشریف کا بیانیہ ہر گھر میں پہنچ چکا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی اور غربت کا توڑ ملک میں نئے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں۔

تازہ ترین