• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر سندھ پولیس کنفیوژن کا شکار ہوگئی


سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی کراچی میں گرفتاری کے بعد سندھ پولیس کنفیوژن کا شکار ہوگئی، سندھ پولیس نے پہلے ٹوئٹ کیا، پھر ڈیلیٹ کردیا، کچھ گھنٹے کے وقفے سے نیا ٹوئٹ کردیا۔

سندھ پولیس کی جانب سے دن ایک بج کر 59 منٹ پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری قانون کے مطابق ہے، قانونی تقاضوں کے مطابق شفاف اور میرٹ پر تحقیقات کی جائے گی۔

اس ٹوئٹ کو کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کردیا گیا، پھر 4 بجکر 18 منٹ پر کیےگئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا، تفتیش غیرجانبدارانہ ہوگی اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہری وقاص کی مدعیت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کا مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج صبح سندھ پولیس نے کراچی کے مقامی ہوٹل سے گرفتار کر لیا تھا، تاہم عدالت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرنے کے بعد انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف درج مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل تھیں، جبکہ مقدمے میں مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی تھی۔

تازہ ترین