پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت ہے مہمانوں کے لیے کسی حد تک بھی جاتے ہیں، کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی مکمل انکوائری ہوگی، سارے معاملات قوم کے سامنے رکھیں گے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پوری پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر نہایت دکھی ہے، مذمت کا لفظ ہمارے دکھ اور غصے کو بیان نہیں کرسکتا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ کو لاعلم رکھا گیا، ان کے علم میں بات نہیں تھی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ظاہر ہوگیا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اُس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وقت میں موجود لوگوں کو معاشرتی آداب کا پتہ نہیں، ان کی اوچھی حرکتوں سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔