اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں نویان کی بہن الانگویا کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ گونول ناگیئفا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی شُکرگزار ہیں کیونکہ وہ اداکارہ کے آبائی ملک آذربائیجان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سیزن 4 میں ارطغرل کے دشمن نویان کی بہن الانگویا کی بہن کا کردار نبھانے والی ترک اداکارہ گونول ناگیئفا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستان بھر سے اُنہیں ملنے والی محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے ایجنٹ نے مجھے فون کیا اور مجھ سے پوچھا کہ کیا تم جانتی ہو کہ پاکستان میں لوگ تمہارے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر تمہارا نام سرچ کرکے تم سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔‘
گونول ناگیئفا نے کہا کہ ’اپنے ایجنٹ کی بات سُن کر میں دنگ رہ گئی اور میں نے اُن سے سوال کیا کہ پاکستان میں لوگ میرے بارے میں کیوں جاننا چاہتے ہیں؟ جس پر میرے ایجنٹ نے جواب دیا کہ ارطغرل غازی میں تمہارا کردار دیکھنے کے بعد پاکستانی شائقین تمہارے مداح ہوگئے ہیں۔‘
ترک اداکارہ نے کہا کہ ’پاکستان سے ملنے والی محبت غیر معمولی ہے، میں کبھی بھی سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں رہی اور اس کے باوجود بھی بہت سارے پاکستانی صارفین انسٹاگرام پر میری پوسٹس پر تبصرے کرتے ہوئے میرے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں دیکھ رہی ہوں کہ ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکاروں کو بھی پاکستان سے بہت محبت مل رہی ہے۔‘
ترک اداکارہ نے اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے جلد ہی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پاکستان آکر اپنے مداحوں سے ملنا پسند کروں گی۔‘
گونول ناگیئفا نے کہا کہ ’اس سے پہلے پاکستان کے بارے میں میرا علم صرف ویکیپیڈیا تک ہی محدود تھا لیکن اب مجھے معلوم ہوا کہ پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد تھا اور پاکستان میں جو زبانیں بولی جاتی ہیں وہ اردو اور انگریزی ہیں اور اب میں اس ملک کے بارے میں بہت کچھ جاننا چاہتی ہوں۔‘
اُنہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس حمایت کے لیے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ وہ میرے ملک آذربائیجان کا ساتھ دے رہے ہیں۔‘
آخر میں ترک اداکارہ نے پاکستان میں ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ نشر کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا مزید شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گونول سال 1982 میں آذربائیجان کے شہر باکو میں پیدا ہوئیں، اُنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ٹی وی پیش کش کے طور پر آذربائیجان میں کیا، اُس کے بعد اُنہوں نے ’ارطغرل غازی‘ کے سیزن 4 میں منگول کے نویان کی بہن کا کردار نبھایا جسے دُنیا بھر میں خوب سراہا گیا۔