• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کل سے شروع ہوگی


کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں رواں سال عیدالاضحیٰ سے ایک روز قبل پیش آنے والے طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا سلسلہ کل سے شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 5 متاثرین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کل سے شروع ہوگی، قانونی دستاویزات مکمل کرنے والے متاثرین اور لواحقین کو ادائیگی کی جارہی ہے۔

پہلے مرحلے میں پانچ متاثرین کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ ملے گا، جبکہ زندہ بچ جانے والے مسافروں محمد زبیر اور ظفر مسعود کوفی کس ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق تین مسافروں کے لواحقین کو بھی ایک، ایک کروڑ روپےکی ادائیگی ہوگی، طیارہ گرنے سے زمین پر متاثر 22 خاندانوں کو بھی 2 کروڑ 80  لاکھ روپے معاوضہ ملے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاوضہ 14 گاڑیوں اور گھر کا سامان جلنے یا ضائع ہونے کی مد میں دیا جا رہا ہے، 22 خاندانوں کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کی ادائیگی بعد میں کی جائے گی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے زمین پر متاثرہ 22 خاندانوں کو چھ ماہ کا کرایہ بھی دیا ہے، جبکہ 97 جاں حق مسافروں کے لواحقین کو فی کس دس دس لاکھ روپے ادا کیے جاچکے اور زمین پر جاں بحق1خاتون کو 10 لاکھ اور 3 زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے ادائیگی ہوچکی ہے۔

معاوضے کی ادائیگی پی آئی اے اور انشورنس کمپنی میں معاملات طے پانے پر شروع کی گئی۔

طیارہ حادثہ 22 مئی کو ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا تھا، طیارہ حادثے میں 97 مسافر اور زمین پر ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھیں۔

تازہ ترین