• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لنکا پریمیئر لیگ، سلمان خان کے خاندان نے کینڈی فرنچائز خرید لی

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے اہل خانہ نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں ’کینڈی فرنچائز‘ خرید لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے اہل خانہ نے سری لنکا پریمیئر لیگ کی کینڈی ٹیم میں حصہ داری خریدلی ہے، اس ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کرس گیل ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی اُن کی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹیم سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کے نام سے رجسٹرڈ کمپنی سہیل خان انٹرنیشنل نے خریدی ہے، سہیل خان نے بتایا کہ اُن کی کمپنی نے اس لیگ میں کافی صلاحیت دیکھی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ21 نومبر سے شروع ہوگا اور 13 دسمبر تک جاری رہے گا۔

سہیل خان نےاپنی گفتگو میں بتایا کہ ہماری ٹیم میں جس طرح کے کھلاڑی ہیں اور فینس کا جنون جس طرح کا ہے، وہ سب سے اُوپر ہے، ہمیں اُن میں کافی صلاحیت نظر آتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خان خود اپنی ٹیم کے تمام میچز دیکھنے کے لیے سری لنکا جائیں گے۔


سہیل خان نے کہا کہ وہ کرس گیل کو اپنی ٹیم سے کھیلتے دیکھنے کے لیے کافی پرجوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرس گیل کے علاوہ ٹیم میں لیام پلنکیٹ، وہاب ریاض، کسل مینڈس اور نوان پردیپ جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی کینڈی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا شاندار امتزاج ہے۔

لنکا پریمیئر لیگ کی ایک ٹیم گال گلیڈی ایٹرز کی ملکیت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس ہے، یہ ٹیم زیادہ تر پاکستانی کھلاڑیوں کی میزبان ہوگی، جن میں شاہد آفریدی، عامر، سرفراز اور نوجوان ٹیلنٹ اعظم خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی، شعیب ملک اور محمد عامر سمیت مجموعی طور پر 8 پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 

تازہ ترین