• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی


مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی کراچی میں گرفتاری کی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی، گرفتاری کا آپریشن 46 منٹ جاری رہا۔

جیونیوز کو حاصل ہوئی ویڈیو کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کا آپریشن صبح 6 بج کر 8 منٹ پر شروع ہوا جب ہوٹل میں پولیس کی دو موبائلیں داخل ہوئیں۔

اس کے بعد 6 بجکر 46 منٹ پر پولیس ٹیم پندرہویں فلور پر مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچی، مریم نوازکے کمرے کے باہر سیاہ لباس اور جوگرز پہنا شخص فون پرہدایات لیتا رہا ۔

6 بجکر 48 منٹ پر اہلکار دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے، 6 بجکر 50 منٹ پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کمرے سے باہر نکال کر حراست میں لیا گیا۔

اس آپریشن کے دوران لفٹ اور لابی میں سادہ لباس میں ایک شخص کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ویڈیو بناتا رہا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پی ڈی ایم کے کراچی کے جلسے کے بعد بریگیڈ تھانے کی پولیس نے مقامی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا تھا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے ، ان سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

اس کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو پولیس کی بکتر بند گاڑی میں عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن سے کراچی سٹی کورٹ پہنچایا گیا  جہاں سے ان کی ضمانت منظور ہوئی۔

تازہ ترین