• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوڈ ہیمپ پاکستان ویمن ٹیم کو ٹاپ فور ٹیموں میں لانے کیلئے پُرعزم

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ قومی ٹیم کو خواتین کرکٹ کی صف اول کی چار ٹیموں میں لانے  کے لیے پُر عزم ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیوڈ ہیمپ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کام کرنا اچھا موقع ہے۔

انھوں نے قومی خواتین ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم میں بتدریج بہتری آئی ہے، رینکنگ میں ابھی جہاں ہیں، وہاں نہیں رہنا چاہتے۔

ڈیوڈ ہیمپ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ویمن ٹیم کو ٹاپ چار ویمن ٹیموں میں لانا ان کا ہدف ہے۔

انھوں نے کہا کہ ویمن کرکٹ کی ترقی کے لیے پلیئرز کا پول بڑھانا ضروری ہے، اس وقت 45 کھلاڑیوں کا پول ہے، یہ بھی کم نہیں ہے۔

ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا تھا کہ کسی بھی پروفیشنل ایتھلیٹ کے لیے اسکلز کے ساتھ ساتھ فٹنس بھی ضروری ہے، فیلڈ پر یا پھر فیلڈ سے باہر جو بھی کام ہو اس میں تسلسل ضروری ہے۔

ہیڈ کوچ پاکستان ویمن ٹیم نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ میں ایک مضبوط حریف کے طور پر لے جانا ہے، یہ سوچ نہیں رکھنی کہ اچھا دن ہوا تو آگے پہنچ جائیں گے بلکہ یہ سوچ رکھنی ہے کہ حریف ٹیموں کو بھی یقین ہو کہ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں ضرور پہنچے گی۔

ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا تھا کہ کارکردگی میں بہتری کے لیے خود احتسابی اور غلطیوں سے سبق سیکھنا ضروری ہے، کامیابی کے لیے نوجوان اور تجربہ کار پلیئرز کا کامبی نیشن ضروری ہے۔

ہیڈ کوچ پاکستان ویمن ٹیم نے واضح کیا کہ کھلاڑیوں کی عمر کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، کارکردگی سب سے اہم ہے۔

تازہ ترین