• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے طلبہ کا ملتان سے لاہور پیدل مارچ


بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں زیرِ تعلیم بلوچستان کے طلبہ احتجاج کرتے ہوئے پیدل لاہور پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ معاشی مسئلہ بناکر انہیں یونیورسٹی سے نکالنے کے بہانے بنائے گئے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بلوچ طلبہ قومی یکجہتی کی علامت ہیں، حکومت صوبوں کے درمیان نفرتیں بڑھا رہی ہے۔

بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں زیرِ تعلیم طلبہ نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا، مسلم لیگ ن کی خواتین رہنماؤں عظمیٰ بخاری، شائستہ پرویز ملک اور کرن ڈار نے ان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شراب لائسنس کےاجرا میں تو بہت پھرتی دکھاتے ہیں، طلبہ ملتان سے پیدل لاہور پہنچ گئے لیکن ان کے کان پر جُوں تک نہیں رینگی، وہ روزانہ طلبہ سے اظہارِ  یکجہتی کریں گی۔


ایم این اے شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ تعلیم کا قتل ہوا ہے، اس ظلم کے متحمل نہیں ہو سکتے، آج ثابت ہوا کہ شہباز شریف کس طرح چاروں صوبوں کو ساتھ لےکر چل رہے تھے۔

بلوچ طلبہ نے بتایا کہ ان کا کوٹہ اور اسکالر شپس ختم کر دی گئیں، ملتان میں 40 دن تک احتجاج کیا مگر کسی نے بات نہ سنی، مجبوراً لاہور آکر دھرنا دیا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

تازہ ترین