وفاقی حکومت نے ملک میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 40 نئے بلاکس نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے جیو نیوز سے گفتگو میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے جون 2021 تک 40 نئے بلاکس کی نیلامی کا انکشاف کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ماضی کی غلط پالیسی کو ٹھیک کرنے کے لیے 40 بلاکس نیلام کرنے جارہی ہے، 20 بلاکس کی نیلامی کےلیے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔
ندیم بابر نے یہ بھی کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے لیے مزید 10 بلاکس جنوری2021ء میں نیلام کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزید 10 بلاکس کی نیلامی جون 2021ء میں ہوگی، ان 40 بلاکس پر کام کرکے تیل و گیس کے ذخائر بڑھائیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے عمل سے بہتر نتائج کی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے نئے لائسنس جاری نہ کیے جانے کی صورت میں گیس کے موجودہ ذخائر تقریباً 14 سال میں ختم ہوجائیں گے۔