• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو سے پاک پاکستان شہید بینظیر بھٹو کا خواب تھا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا اور اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے ہم سب کو بھرپور عزم و جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

پولیو کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اپاہج بنانے والے اس مرض پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے اور فقط ویکسینیشن کے ذریعے ہی اس کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ اب افریقی خطے کو پولیو سے پاک قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان اور افغانستان میں پولیو کیسز ظاہر ہو رہے ہیں، جن کی تعداد گوکہ کم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بین الاقوامی تنظیموں اور ممالک کے تعاون سے پاکستان میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا آغاز کیا، اور ملک پولیو سے پاک ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران اور پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی ٹیموں خصوصاً لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سراہا، جو تین دہائیوں سے اس مہلک وائرس کے خلاف نہایت ہی جذبے سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں سے بہت جلد ہمارے ملک سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو جائے گا۔

تازہ ترین