• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا سندھ حکومت کو ہوم گراؤنڈ پر جواب دینے کا پلان تیار


تحریک انصاف نے سندھ حکومت کو ہوم گراؤنڈ پر جواب دینے کا پلان تیار کرلیا، وزیراعظم عمران خان سے سندھ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کو ہوم گراؤنڈ پر جواب دینے کے پلان پر آئندہ ہفتے عمل ہوگا، اس حوالے سے وفاقی وزراء اور ارکان اور صوبائی قیادت سب ہی متحرک ہوں گے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر سندھ پولیس کے معاملے کو سندھ حکومت کا خود ساختہ بحران قرار دیا اور گورنر سندھ عمران اسماعیل، ارکان اسمبلی اور وزراء کو الگ الگ ٹاسک دے دیے ہیں۔


ذرائع کے مطابق وزیراعظم ملاقات کے دوران کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری اور سندھ پولیس کے معاملے سے باخبر ہوں، سندھ پولیس نے معاملے کو نیا رنگ دے کر سیاسی فائدہ اٹھایا، غفلت میں نہیں، سندھ پولیس کے معاملے پر پوری نظر ہے۔

اجلاس میں طے پایا کہ گندم بحران کی سندھ حکومت ذمے دار ہے، معاملے کو عوام کے سامنے لایا جائے گا، صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، اسمبلی کے اندر اور باہر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ سندھ حکومت کے خلاف سندھ میں جلسے، مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جن میں صوبائی حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کیا جائے گا۔

اسمبلی کے اندر سندھ حکومت کی بیڈگورننس اور کرپشن کو بے نقاب کیا جائے گا جبکہ وفاقی وزراء ہر ہفتے سندھ کا دورہ کریں گے اور پارٹی کے مظاہروں میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سندھ کا سب سے پہلا دورہ وفاقی وزیر اسد عمر اور عمر ایوب کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے پلان کی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے جزائر سے متعلق معاملات پر ارکان سندھ اسمبلی کو بریفنگ دی اور انہیں اعتماد میں لیا اور کہا کہ اس معاملے میں روڑے اٹکانا سندھ کی ترقی روکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جزائر کی آمدن سندھ پر خرچ ہوگی، نئی نوکریاں پیدا ہوں گی، فشریز پلانٹ لگنے سے مچھیروں کو مالی فوائد حاصل ہوں گے، اس حوالے سے جاری گمراہ کن پروپیگنڈے کا جواب دیا جائے۔

تازہ ترین