سوڈان اسرائیل تعلقات معاہدے پر ایران کا کہنا ہے کہ معاہدہ کر کے سوڈان نے امریکا کو تاوان ادا کیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان نے دہشت گرد ممالک کی فہرست سے نکلنے کے لیے اسرائیل سے معاہدہ کر کے امریکا کو تاوان دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد سوڈان اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں کرنے والا تیسرا عرب ملک بن گیا۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ تاوان ادا کریں، فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے جرائم پر اپنی آنکھیں بند کرلیں، تو پھر آپ کو نام نہاد دہشتگردی کی بلیک لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔‘
بیان میں ایرانی وزارتِ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی دہشت گردی کی فہرست بھی امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسی جعلی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ سوڈان 33 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ڈپوزٹ کروانے کا جو وعدہ کیا تھا اگر وہ پورا کردے تو اسے دہشتگردی کی بلیک لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔
اس اعلان کے بعد خرطوم نے 1998 میں کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارتخانوں پر ہونے والے بم دھماکوں کے متاثرین کے لیے بنائے گئے خصوصی اکاؤنٹ میں یہ رقم جمع کروائی۔