• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نون لیگ نے بھی اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا


لاہور میں مسلم لیگ نون نے بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر جشن بھی منایا گیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے زندہ دلانِ لاہور کو مبارک باد دی، نواز شریف اور شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، نون لیگی کارکنوں نے شکریہ شکریہ کے نعرے لگائے۔

نون لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ افتتاح کے موقع پر جشن سے روکنے کے لیے حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔

مسلم لیگ نون لاہور کے کارکنوں نے اورنج لائن میٹروٹرین کے انارکلی اسٹیشن پر جشن منایا، فضا میں غبارے چھوڑے اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں۔

سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی حکمرانی مانگنے پر مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سلیکٹڈ تھے، سلیکٹڈ ہیں اور سلیکٹڈ کی حالت میں ہی تشریف لے جائیں گے، کیا کسی وزیرِ اعظم کو لوگوں کی نقلیں اتارنا زیب دیتا ہے؟

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عوام پوچھتے ہیں کہ اس حکومت سے کب جان چھوٹے گی؟ وہ کہتے ہیں کہ وہ وقت دور نہیں جب حکومت سے نجات مل جائے گی۔

مسلم لیگ نون کےرہنماؤں نے فیتہ کاٹ کر اورنج لائن میٹروٹرین کا افتتاح بھی کیا۔

اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا افتتاح کیا، لاہور کے شہری کل سے اورنج لائن ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔


اورنج لائن ٹرین صبح ساڑھے 7 بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک چلائی جائے گی، جس کا یک طرفہ کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے۔

چین سے آئے ہوئے ماہرین نے پاکستانی ڈرائیورز کو ٹرین چلانے کی تربیت دی ہے، ٹرین کی صفائی کا کام لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپا گیا ہے، بجلی سے چلنے والی ٹرین کو 8 گرڈ اسٹیشن بجلی مہیا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مستقبل میں ٹرین کا آپریشن ٹائم 16 گھنٹے تک بڑھانے کا منصوبہ ہے، ٹرین کے تمام راستوں پر اور ٹرین کے اندر کیمرے نصب ہیں۔

اورنج لائن ٹرین کا ٹریک 27 اعشاریہ 1 کلومیٹر طویل اور 26 اسٹیشنز پر مشتمل ہے، یہ منصوبہ 5 سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے۔

تازہ ترین