ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا تیسرا بڑا پاور شو ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں اور ترجمانوں کی بوکھلاہٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت گھبرا گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ تحریک آپ کے خلاف عوام کی چارج شیٹ ہے، جو سزا عوام ڈھائی سال سے کاٹ رہی ہے، یہ تحریک اس کےخلاف ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں کو کنٹینر پر چڑھ کر متنازع بنایا گیا، موجودہ حکمرانوں نے ماضی میں اورنج ٹرین کو روکنے کی پٹیشن دائر کی۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بجلی کے منصوبوں کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، تمام منصوبوں کو متازعہ بنایا گیا، روکنےکے لیے پٹیشن دائر کی جا رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے کمزور کرنے کے لیے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، اورنج ٹرین شہباز شریف نے شروع کی جسے عمران خان نے متنازعہ بنایا۔
مریم اورنگزیب نے سوال اُٹھایا کہ عمران خان آج کس حیثیت سے اورنج لائن پراجیکٹ کا افتتاح کررہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفاں برپا ہے اور عوام سڑکوں پر ہیں، عمران خان اور ان کے حواری گھبرا گئے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے بھی مریم اورنگزیب کے ہمراہ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی تقریر پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ پہلے ڈرایا گیا اور اب حکومت ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، حکومت نے جنتا ڈرانا ہے ڈرائے ہم پورے ملک کا دورہ کریں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس کی بندش جلسےکی کوریج روکنے کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا آج تیسرا پاور شو ہونے جا رہا ہے جس کے سلسلے میں کوئٹہ میں اسٹیج سج گیا ہے، جلسے کو شہدائے جمہوریت پاکستان سے منسوب کر دیا گیا ہے۔
جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر اپوزیشن جماعتوں کے پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے، لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف خطاب کریں گے۔