• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں یہ نیا پاکستان نہیں چاہیئے: علامہ ساجد میر

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ساجد میر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں اس حکومت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ان میں اہلیت ہی نہیں ہے، ہمیں یہ نیا پاکستان نہیں چاہیئے۔

کوئٹہ میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد میر نے کہا کہ اپوزیشن کو مافیا کے طعنے دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آٹا مافیا، چینی مافیا اور پٹرول مافیا بیٹھا ہے، جس چیز کا عمران خان نوٹس لیتے ہیں اُس کی قیمتیں چھلانگیں مارانا شروع کر دیتی ہیں۔

علامہ ساجد میر نے مزید کہا کہ آج غریب آدمی دوائیاں خرید ہی نہیں سکتا، احتساب صرف اپوزیشن کا کیوں، حکومت میں بیٹھے لوگوں کا کیوں نہیں ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ احتساب نہیں کررہے انتقام لے رہے ہیں، آٹے اور چینی کی قیمتیں بڑھانے والا ہمیں نیا پاکستان ملا ہے، ہمیں یہ نیا پاکستان نہیں چاہئے۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا تیسرا پاور کوئٹہ میں جاری ہے، جلسے کو شہدائے جمہوریت پاکستان سے منسوب کیا گیا ہے۔

جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر اپوزیشن جماعتوں کے پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے۔

جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی خطاب کریں گے۔

کوئٹہ کے جلسے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں آنے والے افراد کی تلاشی کے لیے پولیس کی بھاری نفری ایوب اسٹیڈیم کے باہر موجود ہے اور جامع تلاشی کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔


کوئٹہ میں پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ کے باہر کارکنوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیجز، جھنڈوں، پورٹریٹ اور دیگر سامان کی خریداری کے لیے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں جلسے کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمۂ داخلہ بلوچستان کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ایک روز کے لیے عائد کی گئی ہے جبکہ کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں 11 بجے دن سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔

ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ جلسے کی سیکیورٹی کے لیے 4 تہیں بنائی گئی ہیں، 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہل کار تعینات کیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین