سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویزا شرف کہتے ہیں کہ دو سال میں جھوٹی حکومت کا پردہ فاش ہوچکا ہے۔
کوئٹہ میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویزا شرف نے حکومت سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ نے عوام سے جھوٹ بولا، الیکشن میں جھوٹے وعدے کیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے، وقت آگیا ہے کہ حکمرانی وہ کرے جسے عوام منتخب کریں، اب یہ نہیں ہو گا کہ کوئی کرکٹ کھیلتے کھیلتے وزیرِ اعظم بن جائے۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ حکومت کے وزیر کہتے ہیں کہ جلسوں سے حکومت نہیں جاتی، تو پھر آپ کی ٹانگیں کیوں کانپ رہی ہیں؟
سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ جس طریقےسے آئے تھے وہ طریقہ ہی غلط تھا، اب پاکستان کی ساری جماعتیں اٹھ کھڑی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا تیسرا پاور کوئٹہ میں جاری ہے، جلسے کو شہدائے جمہوریت پاکستان سے منسوب کیا گیا ہے۔
جلسہ گاہ اور اطراف کی سڑکوں پر اپوزیشن جماعتوں کے پرچموں کی بہار نظر آ رہی ہے۔
جلسے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی خطاب کریں گے۔
کوئٹہ کے جلسے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں آنے والے افراد کی تلاشی کے لیے پولیس کی بھاری نفری ایوب اسٹیڈیم کے باہر موجود ہے اور جامع تلاشی کے بعد ہی اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
کوئٹہ میں پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ کے باہر کارکنوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیجز، جھنڈوں، پورٹریٹ اور دیگر سامان کی خریداری کے لیے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں جلسے کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمۂ داخلہ بلوچستان کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ایک روز کے لیے عائد کی گئی ہے جبکہ کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں 11 بجے دن سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔
ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم کا کہنا ہے کہ جلسے کی سیکیورٹی کے لیے 4 تہیں بنائی گئی ہیں، 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہل کار تعینات کیئے گئے ہیں۔