قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر معین خان نے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں معین خان نے کہا کہ غلطیاں کرنے والے تقریباً سب ہی کرکٹرز واپس آئے ہیں، میری نیک خواہشات سلمان بٹ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے ختم ہونے سے کھیل کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز بہت اہم ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ زمبابوے سے سیریز آئندہ انٹرنیشنل مقابلوں کے لیے سود مند رہے گی، اصل مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا جو مضبوط ٹیم ہے۔
معین خان نے یہ بھی کہا کہ اظہر علی کی قیادت پر اٹھنے والے سوالات کی وجوہات ہیں، وہ تجربہ کار کھلاڑی ضرور ہیں مگر وہ توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ گال گلیڈی ایٹرز میں شامل پاکستانی کرکٹرز اچھا کھیل پیش کریں گے، امید ہے کہ پی سی بی پاکستانی کرکٹرز کو این او سی جاری کرے گی۔