• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان  نے انکشاف کیا کہ اُن کی شادی کی پہلی رات سینئر اداکارہ ہیما مالینی نے برباد کردی تھی۔

شاہ رخ خان اور اُن کی اہلیہ گوری خان ’فور ایور لو‘ (forever love) کی ایک بہترین مثال ہیں، دونوں کی جوڑی کو بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیاب جوڑی تصور کیا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ معروف اداکارہ ہیما مالینی نے اُن کی اور گوری خان کی شادی کی پہلی رات برباد کردی تھی اور اس بات کو وہ دونوں اپنی آخری سانس تک یاد رکھیں گے۔

اداکار نے بتایا کہ جن دنوں اُن کی شادی گوری کے ساتھ ہوئی، اُن کی فلم ’دل آشنا ہے‘ کی شوٹنگ چل رہی تھی جس کی ہدایت کار ہیما جی تھیں (یہ اُن کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم تھی)۔ شاہ رخ خان نے بتایا کہ شادی کی پہلی رات ہیما جی نے انہیں فون کیا اورفوراً فلم کے سیٹ پر آنے کو کہا۔

اُس وقت شاہ رخ خان نے گوری کو اکیلے گھر پر چھوڑنا مناسب نہیں سمجھا اور اُنہیں بھی اپنے ساتھ سیٹ پر لے گئے، انہوں نے سوچا کہ وہ اس طرح اپنی شادی کی پہلی رات کو یادگار بھی بنا سکتے ہیں لیکن جب وہ دونوں فلم کے سیٹ پرپہنچے تو ہیما مالینی وہاں موجود نہیں تھیں۔

بہت دیر اُن کا انتظار کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے گوری کو میک اپ روم میں بیٹھا کرشوٹنگ شروع کردی اُس وقت رات کے 11 بج رہے تھے، شوٹنگ رات 2 بجے تک جاری رہی لیکن ہیما جی نہیں آئیں۔

شوٹنگ ختم کرکے جب شاہ رخ خان میک اپ روم میں واپس آئے تو گوری کرسی پر سورہی تھیں ، انہوں نے ساڑھی اور بھاری جیولری پہن رکھی تھی ، اس کے علاوہ میک اپ روم میں مچھر بھی گوری کے منہ پر کاٹ رہے تھے، اہلیہ کو اس حال میں دیکھ کرشاہ رخ خان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔

اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے مزید بتایا کہ جب اُن کی گوری سے شادی ہوئی تو اُس وقت وہ بہت غریب تھے جبکہ گوری کا تعلق مڈل کلاس گھرانے سے تھا۔ انہوں نے گوری سے وعدا کیا تھا کہ وہ اُنہیں شادی کے بعد ہنی مون پر پیرس لے کر جائیں گے اور ایفل ٹاور دکھائیں گے لیکن اُس وقت اُن کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ لے کر جاتے۔

انہوں نے گوری سے جھوٹ بولا اور اُنہیں جھوٹ بول کر پیرس کی جگہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع دارجیلنگ لےگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور گوری کی پہلی ملاقات 1984 میں ہوئی تھی جب وہ دونوں دہلی میں ایک مشترکہ دوست کی پارٹی میں موجود تھے، اُس وقت شاہ رخ خان کی عمر صرف 18 سال تھی۔

بالی ووڈ کے اس جوڑے کو ایک نہیں بلکہ تین مرتبہ شادی کرنی پڑی۔ دونوں نے پہلے کورٹ میرج کی، اس کے بعد 26 اگست 1991 کو دونوں کا نکاح ہوا اور پھر 25 اکتوبر 1991 کو دونوں کی ہندو رسم ورواج کے مطابق شادی ہوئی۔

اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ جب ہماری شادی ہوئی تو گوری کے کئی رشتے دار خوش نہیں تھے، وہ پرانے خیالات کے لوگ تھے لیکن پھر بھی میں اُن کا اور اُن کی سوچ کا احترام کرتا ہوں۔

تازہ ترین