• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے دوران شادی کرنے والے پاکستانی فنکار

عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں بہت ساری چیزیں سست پڑ گئی ہیں۔ مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ممالک کی حکومتوں نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا ہوا ہے اور دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی صورتحا ل کوئی خاصی اچھی نہیں ہے۔ 

پاکستان میں کچھ عرصہ پہلے تک ریستوران سے لے کر میرج ہال تک ہر چیز کورونا وائرس کی وجہ سے بند تھی۔ تاہم، اس اہم وقت کے دوران ہماری نامور پاکستانی شخصیات نے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوتے ہوئے اپنی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ آئیے ایک نظر اُن نامور شخصیات کی نئی زندگیوں پر ڈالتے ہیں۔

شوبز فنکار جو کورونا وائرس کے دنوں میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے:

حنا الطاف اور آغا علی:

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اس مشہور جوڑی کا نکاح جمعۃ الوداع یعنی 22 مئی 2020 کو چند عزیزوں کی موجودگی میں ہوا تھا جبکہ آغا علی اور حنا الطاف نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو نکاح کی خوشخبری سنائی تھی۔

خوشی کے اِس موقع پر آغا علی کا کہنا تھا کہ’چند سال قبل انہوں نے اور حنا الطاف نے ایک ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو نا پسند کرتے تھے لیکن ہم دوبارہ ملے اور پھر ہماری دوستی ہوگئی جس کے بعد میں نے حنا کے ساتھ ساری زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔‘

فریال محمود اور دانیال راحیل:

حنا الطاف اور آغا علی کے بعد نامور اداکارہ فریال محمود اور دانیال راحیل نے 28 مئی 2020 کوچند عزیز و اقارب کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی اور اس خوشخبری کا اعلان دانیال راحیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

فیس بُک پر جاری کردہ پیغام میں دانیال راحیل کا کہنا تھا کہ میں اور فریال محمود دو سال قبل ملےتھے، اُس کے بعد ہماری دوستی ہوئی، ہم نے ایک دوسرے کو جانا اور پھر ساری زندگی ایک ساتھ گُزارنے کا فیصلہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ فریال سے شادی ہونے پر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری:

اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول نے 31 مئی 2020 کو شادی کی۔ شہروز اور صدف اُن مشہور پاکستانی شخصیات میں شامل ہیں جن کی شادی لاک ڈاؤن کے دوران ہوئی۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول کی رسم نکاح میں خاندان کے چند افراد نے شرکت کی تھی۔

سارہ خان اور فلک شبیر:

خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر نے رواں سال 16 جولائی کو شادی کی، ان کی شادی کی تقاریب میں خاندان کے افراد اور دیگر عزیز و اقار ب نے شرکت کی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020 کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔

ثنا جاوید اور عمیر جسوال:

گزشتہ دنوں 20 اکتوبر کو ثناجاوید اور عمیر جسوال نے اپنے نکاح کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرکے اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ 

ثنا اور عمیر دونوں کے درمیان قریبی تعلقات کے بارے میں افواہیں سوشل میڈیا پر زیرِگردش تھیں، تاہم ، انہوں نے کبھی بھی دنیا کے سامنے اپنے تعلقات کو قبول نہیں کیا تھا۔

شوبز جوڑی کی شادی کی تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

تازہ ترین