• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان زندگی میں جو چاہتا ہے اسے وہی ملتا ہے، کرینہ کپور

بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ انسان زندگی میں اصل میں جو چاہتا ہے، اسے وہی ملتا ہے۔

بالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’جب وی میٹ‘ کو 13سال مکمل ہوگئے جس میں کرینہ کپور کے ساتھ شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اس حوالے سے بالی ووڈ کی بیبو نے سوشل میڈیا پر اپنے سابق قریبی دوست شاہد کپور کے ساتھ فلم  ’جب وی میٹ‘ کے سیٹ کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے۔


کرینہ کپور کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں اداکارہ اور شاہد کپور کے ساتھ فلم کے ڈائیریکٹر امتیاز علی بھی موجود ہیں جبکہ یہ تینوں اسکرین پر فلم کے منظر دیکھنے میں مصروف ہیں۔

انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کیپشن میں فلم ’جب وی میٹ‘ کا مشہور ڈائیلاگ لکھا:

مجھے تو لگتا ہےلائف میں جو کچھ انسان حقیقت میں چاہتا ہے ، اُسے دراصل وہی ملتا ہے

کرینہ کپور نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اداکار شاہد کپور اور ڈائیریکٹر امتیاز علی کو بھی ٹیگ کیا اور اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے کیپشن میں ہیش ٹیگ 13YearsOfJabWeMet کا بھی اضافہ کیا۔

خیال رہے کہ شاہد کپور سے تین سال سے زائد عرصے تک قریبی دوستی میں رہنے والی کرینہ کپور نے ’جب وی میٹ ‘ کی ریلیز کے فوراً بعد ہی سیف علی خان سے دوستی کرلی تھی اور ان کے ساتھ فلم ’ٹشن ‘ بھی سائن کی تھی۔

2004  میں کرینہ اور شاہد کی پہلی فلم ’فدا‘ ریلیز ہوئی تھی جو باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی جبکہ کرینہ اور شاہد بھی ایک دوسرے کے دل میں جگہ بنانے میں بھی کافی حد تک کامیاب ہوگئے تھے۔

2012 میں کرینہ کپور بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئیں، 2016 میں ان کے ہاں تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی۔

دوسری جانب شاہد کپور نے 2015 میں میرا راجپوت سے شادی کی ان کے دو بچے ہیں۔ بیٹی کا نام میشاء جبکہ بیٹے کا نام زین ہے۔

تازہ ترین