• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

NRO مانگنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد سعید


وفاقی وزیرِ مواصلات و پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کہتے ہیں کہ این آر او مانگنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، جتنی کوشش کرنی ہے کرو، این آر او نہیں ملے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ مواصلات و پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید کا کہنا تھا کہ آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا گیا، میں اس پر لعنت بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں لعنت بھیجتا ہوں اس پر جو بھارتی بیانیے کے تحت آزاد بلوچستان کا نعرہ لگائے، اجیت دوول اور مودی کے نظریے پر چلنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

مراد سعید نے کہا کہ مزارِ قائد کی ایک تعظیم ہے، اس کی توہین کیئے جانے کی سخت مذمت کرتا ہوں، ہم ملک مخالف بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اجیت دوول کا بیان آپ نے سنا ہو گا کہ پاکستان میں کس قسم کے فسادات کروائے جائیں گے، عالمی سازشیں ہو رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امید ہے کہ نادانی میں کوئی ان کے مہرے کا کردار ادا نہیں کرے گا، یہ ایوان اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء پر اپوزیشن نے خوب سیاست کی، مقدس آئین کی توہین کی، ہم مذمت کرتے ہیں، مزارِ قائد پر جو ہوا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔

مراد سعید کا مزید کہنا ہے کہ قومی زبان اردو کی توہین کی گئی اس کی بھی مذمت کرتے ہیں، آپ مودی کی سوچ اور اجیت دوول کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے آنے کے بعد یو این میں 1 سال میں 3 مرتبہ بحث ہوئی، عمران خان نے فلسطین کی بات کی تو کیا عمران خان کےخلاف سازشیں شروع نہ ہوئیں؟


وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید نے اس موقع پر قومی اسمبلی کا ایجنڈا پھاڑ کر این آر او نہ دینے کا اعلان کیا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے مراد سعید کو ہدایت کی کہ ایوان میں کاغذ مت پھاڑیں ۔

مراد سعید نے اپوزیشن جلسوں کے میں اپنائے گئے مؤقف کے خلاف مذمتی قرارداد ایوان میں پیش کی۔

وفاقی وزیر مراد سعید کی پیش کردہ مذمتی قرارداد اکثریتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔

تازہ ترین