• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایف اے کی تعلیمی اداروں میں مہم کا عوامی حلقوں کی جانب سے خیرمقدم

کوئٹہ(خ ن)‌بلوچستان فوڈ اتھارٹی تعلیمی اداروں میں طلباء کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے اور فوڈ سیفٹی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے مصروف عمل ہے،اس ضمن میں اداروں کے منتظمین و اساتذہ کو بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں آگاہی دے رہی ہیں کہ بچے کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں ، جسے نہ صرف عوامی حلقوں بلکہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ حفظان صحت کے اصولوں و بچوں کی صحت کے لئے متوازن غذا بارے اسکولوں اور انٹر کالجز کے سربراہان و اساتذہ کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی آگاہی مہم کے تحت غذائی شعور کی فراہمی کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا،اس سلسلے میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کچلاک ،اغبرگ اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قائم سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور وہاں موجود کینٹین میں بچوں کو فروخت کی جانے والی اشیاء کے معیار و صفائی کے انتظامات چیک کئے ،مزیدبرآں اس حوالے سے اداروں کے متعلقہ حکام کو بچوں کی صحت کے لئے مناسب و نامناسب غذاؤں سے متعلق معلومات جبکہ فوڈ سیفٹی پر مبنی مرتب کردہ بی ایف اے کی خصوصی ایس او پیز اور ممنوعہ اشیاء کی فہرست بھی دی گئی۔درایں اثناء تعلیمی اداروں کے پرنسپلز نے بچوں کے لئے معیاری اور متوازن خوراک کی فراہمی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آگاہی مہم کو انتہائی اہمیت کی حامل و مفید قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اداروں کی ہیلتھ اینڈ ہائجین کمیٹیوں کے ذریعے کینٹین میں کھانے پینے کی اشیاء پر نظر رکھی جائے گی جبکہ بی ایف اے حکام کی اس سلسلے میں دی گئی معلومات ، ہدایت ناموں اور صاف و غذائیت سے بھرپور اشیاء بارے طلباء کو آگاہی بھی دی جائے گی۔
تازہ ترین