پولینڈ میں تعینات پاکستان کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی کا کہنا ہے کہ مصنوعات کے بہتر معیار سے ہمیں یورپی منڈیوں میں مناسب جگہ مل سکتی ہے۔
گزشتہ روز پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں گجرات چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران سے آن لائن میٹنگ کرتے ہوئے پولینڈ میں تعینات پاکستان کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی یورپ میں بہت مانگ ہے اور اس کے علاوہ دیگر مصنوعات کے لیے بھی مزید جگہ بنائی جاسکتی ہے۔
قونصلر زاہد بھٹی نے گجرات چمبرآف کامرس کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی یورپ کے ملک پولینڈ کی اکانومی بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور پاکستان اس ملک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بناسکتا ہے۔
آن لائن میٹنگ میں گجرات چمبرآف کامرس کے نو منتخب صدر چوہدری وحیدالدین ٹانڈا، نائب صدر حماد اسلم، سیکرٹری جنرل محمد عثمان مظفر اور کاروباری شخصیت نعمان شفیق بٹ اور سیکرٹری چمبر محمد عثمان موجود تھے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں پاکستان فورم پولینڈ کے کوآرڈی نیٹر اور کاروباری شخصیت سید طاہر علی شاہ بھی موجود تھے۔
آن لائن میٹنگ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کے تعاون سے منعقد ہوئی ، جن کی خواہش ہے کہ پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی حاصل ہو اور پاکستانی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہو۔
قونصلر زاہد بھٹی نے زور دے کر کہاکہ مارکیٹ کی درست نشاندہی کی جانی چاہیے، کوئی بھی اشیاء برآمد کرنے سے پہلے باقاعدہ سروے کیا جائے، خاص طور پر اس مقصد کے لیےکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو ٹریننگ کی ضرورت ہے تاکہ وہ کسی بھی ملک کی ضرورت کے مطابق وہاں اشیاء برآمد کرسکیں۔
آن لائن ملاقات کے دوران چمبرآف کامرس گجرات کے صدر چوہدری وحیدالدین ٹانڈا نے گفتگو کرتے ہوئے اس ملاقات کے لیے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر زاہد بھٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ملاقات کے اہتمام کے لیے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کے شکرگزار بھی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ گجرات سے پنکھے، گیزر، واشنگ مشین و دیگر الیکٹرک اشیاء، کارپٹ، کھانے پینے کی اشیاء اور فرنیچر وغیرہ باہر برآمد کیا جاتاہے۔
پولینڈ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت اور پاکستان فورم پولینڈ کے کوآرڈی نیٹر سید طاہر علی شاہ نے بتایا کہ پولینڈ میں پاکستانی مصنوعات کے لیے کافی وسعت موجود ہے۔ اس کے علاوہ تجارتی نمائشوں کے ذریعے پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
گجرات چمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے اگست میں پولینڈ میں آم کی کامیاب نمائش منعقد کرنے پر قونصلر زاہد بھٹی کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
آن لائن میٹنگ کے اختتام پر اتفاق کیا گیا کہ برآمدات کے حوالے سے اس طرح کی آن لائن ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہےگا اور اس کے علاوہ مرکزی یورپ کی تجارتی منڈیوں کی ضروریات کے بارے میں انٹرنیٹ پر جستجو بھی کی جائے گی۔