• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف ماڈل فروا کاظمی کورونا وائرس کی شکار ہوگئیں

پاکستان فیشن انڈسٹری کی معروف ماڈل فروا علی کاظمی نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔

فروا علی کاظمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری میں ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے لہٰذا گزشتہ ہفتے اُن سے اور علی سے جس کسی نے بھی ملاقات کی، وہ خود کو قرنطینہ کرلے۔‘

ماڈل نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بتایا کہ ’اُنہیں ابتدائی طور پر عام فلو ہوا تھا جسے اُنہوں نے نظرانداز کردیا تھا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’کھانسی، جسمانی درد اور سر درد میں مبتلا تمام افراد براہِ کرم لازمی اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کروائیں کیونکہ اُنہوں نے اپنی علامات کو موسمی بخار سمجھ لیا تھا جس کی وجہ سے اُن کے کورونا وائرس ٹیسٹ میں تاخیر ہوئی۔‘

فروا علی کاظمی نے اپنے دوستوں کو کورونا وائرس علامات کے بارے بتاتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے جو علامات ظاہر ہوئیں اُن میں درد شقیقہ، شدید جسمانی درد، متلی، ذائقہ، بو اور بھوک میں کمی شامل ہے۔‘

ماڈل نے اپنے شوہر کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے انسٹا اسٹوری میں بتایا کہ ’اُن کے شوہر کی رپورٹ آگئی ہے جس کے نتائج منفی آئے ہیں۔‘

دوسری جانب معروف اداکار عثمان مختار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی ہے۔

خیال رہے کہ دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہرگُزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس ضمن میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں ۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، شادی ہالز رات دس بجے بند کردیئے جائیں گے۔ ریسٹورنٹس بھی رات دس بجے بند کردیئے جائیں گے۔ 

عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ضروری سروسز میڈیکل اسٹورز، کلینکس اور اسپتال کھلے رہیں گےجبکہ پبلک پارکس بھی شام چھ بجے بند کردیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلے کے مطابقراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، ملتان، حیدرآباد گلگت، مظفر آباد میں بھی شہریوں کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

تازہ ترین