وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے۔
شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایاز صادق سے متعلق اب قانون اپنا راستہ لے گا۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے، جس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کا نفرنس کے دوران کہا تھا کہ ایاز صادق نے ابھی نندن سے متعلق جو بیان دیا ہے، قوم حساب لے گی، ایاز صادق ابھی نندن سے متعلق بیان پر قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر معافی مانگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور انہوں نےثابت بھی کیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے اداروں کو دوبارہ کھڑا کر رہےہیں، مہنگائی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے کونسی حکومت نہیں چاہے گی کہ اس کو حل کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اربوں کے اپارٹمنٹ میں بیٹھ کر پاکستان کے بچوں کو جھونک رہےہیں، جبکہ نواز شریف کی واپسی سے ایسا نہیں ہو گا کہ چینی 55 روپے ہو جائے گی، وزیراعظم عمران خان کہہ چکے ہیں یہ جو کرلیں اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔