پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے تیز کھیلنے کا پلان دیا جاتا ہے۔
ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران فخر زمان نے کہا کہ ٹی20 اور ایک روزہ فارمیٹ کے ساتھ ریڈبال کرکٹ پر بھی مکمل توجہ دی ہوئی ہے۔
انہوں نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں عمدہ پرفارمنس دینے کی امید کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کہا کہ سیریز میں عالمی ریکارڈ سے متعلق نہیں سوچا، اگر دن اچھا ہوا تو کوئی بھی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
اوپننگ بیٹسمین نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہونا خوش آئند بات ہے، فارم کے حوالے سے لاہور میں پریکٹس میچز کھیل کر کافی اچھا محسوس کیا۔
بیٹنگ میں بہتری کے حوالے سے فخر زمان نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ اس پر بہت کام کیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے تیز کھیلنے کا پلان دیا جاتا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ساتھی بیٹسمین پر کم پریشر آئے۔
اوپننگ بیٹسمین نے یہ بھی کہا گیا کہ اگر مینجمنٹ نے مجھے دھیرے کھیلنے کا کہا تو میں اُس انداز میں بھی کھیل سکتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اپنی جگہ خطرے میں ہونے کے بجائے ہمیشہ محنت جاری رکھنے اور پرفارم کرنے کے بارے میں سوچا ہے۔