• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء اللّٰہ کی پیشی، پراسیکیوشن کو بحث کا حکم

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ لاہورکی انسدادِ منشیات کی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے بحث کا حکم دے دیا۔

لاہورکی انسدادِ منشیات کی عدالت نے دورانِ سماعت رانا ثناء اللّٰہ سمیت 6 ملزمان کی حاضری بھی مکمل کی۔

فرہاد علی ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم نذیر ایڈووکیٹ نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 265 سی کی درخواست پر بحث کرنا ہے، وہ پاکستان بار کونسل اسلام آباد میں مصروف ہیں اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اعظم نذیر ایڈووکیٹ گزشتہ دو تین سماعت کے دوران پیش ہوتے رہے ہیں، 28 نومبر کو پنجاب بار کونسل کے انتخابات ہیں، اس کے بعد کی تاریخ مقرر کر دیں۔

پراسیکیوٹر نے عدالت سے کہا کہ ہمیشہ ملزمان کے وکلاء نے اپنی پسند کی تاریخ لی ہے۔

جج نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ ملزمان کے خلاف کیا جرم بنتا ہے، اس پر آئندہ سماعت پر بحث کریں۔


چالان میں رانا ثناء اللّٰہ پر اندرون و بیرونِ ملک منشیات اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

لاہورکی انسدادِ منشیات کی عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین