امریکا میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی خاتون فیشن ڈیزائنر کے چرچے ہونے لگے، فیشن ڈیزائنر لولو المھنا نے امریکی شہر نیویارک کے فیشن ویک میں اپنے ڈیزائن کردہ ملبوسات پر خوب داد سمیٹی۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے بھی فیشن ڈیزائنر کو مبارک باد دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق وزیر ثقافت نے ڈیزائنر لولو المھنا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’موفقۃ یا لولو‘ (لولو! کامیابی تمہارا نصیب ہو)۔
خاتون ڈیزائنر نے وزیر ثقافت کی حوصلہ افزائی پر مسرت اور نیویارک فیشن ویک میں سعودی عرب کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سعودی ہونے پر فخر ہے اور نیویارک 2020ء فیشن ویک میں شرکت کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہوں۔
سعودی ڈیزائنر نے آسٹریلیا کی ایک یونیورسٹی میں فیشن ڈیزائننگ کا کورس کیا ہے، انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز زنانہ عبائے، اونی عبائے اور عربی ڈیزائن کی میکسی سے کیا تھا، جبکہ آج کل وہ جیکٹس ڈیزائن کررہی ہیں۔