• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جگر کی صحت کیلئے مفید غذائیں کونسی ہیں؟

جگر انسانی جسم کا اہم اور حساس ترین عضو ہے جو خون بنانے، خون کی صفائی اور پورے جسم میں اس کی ترسیل کا کام کرتا ہے، غذا کے ہضم ہونے کے بعد حاصل ہونے والی مائع شکل کی غذائیت سب سے پہلے جگر میں جاتی ہے، جگر اس غذائیت کو پورے جسم میں پہنچانے سے پہلے خون کی شکل دیتا ہے، جگر صحت مند خون کی جسم میں ترسیل جبکہ گندے خون کو الگ کرنے میں بھی کردار ادا کرتا ہے،  اسی لیے انسان کی مجموعی صحت کا انحصار صحت مند جگر پر ہوتا ہے۔

ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ جگر کو صحت مند رکھنے کے لیے قدرتی غذاؤں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیئے جبکہ پروسیسڈ غذاؤں سے اس پر براہِ راست منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، کھانے پینے کی مضرِ صحت عادات کے سبب جگر کو مختلف امراض کا سامنا ہوسکتا ہے اور وائرسز جیسے ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی سمیت دیگر جان لیوا بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق جگر کو صحت مند رکھنے اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مثبت غذاؤں اور مشروبات کا استعمال لازمی ہے، جگر کی صحت برقرار رکھنے اور دیگر شکایتوں سے بچاؤ کے لیے مندرجہ ذیل غذاؤں کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

پانی کا زیادہ استعمال

پانی کی کمی جسم میں مختلف مسائل کا باعث بنتی ہے جس میں جگر کو فعال کرنا بھی شامل ہے، روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی کا استعمال جگر کی صفائی کے عمل کو بہتر بناتا ہے جو اسے امراض سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

سبز پتوں والی سبزیاں

اپنی غذا میں سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ، میتھی  وغیرہ کو شامل رکھنا چاہیئے، جتنی ہری سبزیوں کا استعمال کیا جائے جگر کے لیے یہ عادت اتنی ہی اچھی ہے، یہ سبزیاں قدرتی طور پر جگر کی صفائی میں مدد دیتی ہیں۔

ہلدی

اینٹی سیپٹک اجزاء سے بھرپور ہلدی ایسا مسالہ ہے جو صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند سمجھا جاتا ہے اور یہ جگر کی صحت کے لیے بھی مؤثر ثابت ہوتی ہے، ہلدی جگر کے خلیات کو دوبارہ بننے میں مدد بھی دیتی ہے۔

وٹامن سی

وٹامن سی سے بھرپور غذائیں جیسے سِٹرس پھل اور سبزیاں وغیرہ مضرِ صحت مواد کی صفائی کر کے جگر میں چربی جمنے کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

اومیگا تھری فیٹی ایسڈ

ماہرین غذا کے مطابق جنک فوڈ کا استعمال کم جبکہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ سے زیادہ استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیئے، جنک فوڈ میں موجود چربی جگر پر جم جاتی ہے جو سوجن اور دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہے، اومیگا تھری غذاؤں  سے سوزش میں کمی آتی ہے۔

گریپ فروٹ

یہ پھل وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو جگر سے زہریلے مواد کی صفائی میں مدد دیتے ہیں۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گریپ فروٹ میں موجود اجزاء ایسے کیمیکلز کو حرکت میں لاتے ہیں جو کہ جگر پر چربی چڑھنے کا خطرہ کم کرتے ہیں۔

سیب

سیب کے استعمال سے جسم میں کولیسٹرو لیول درست رہتا ہے، سیب میلک ایسڈ سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو خون اور جگر کو صاف کرنے میں مدد دیتا ہے، سیب میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات بھی ہوتی ہیں جو جگر کی صحت کے لیے ضروری ہیں۔

پیاز 

پیاز میں ایلیسن نامی جز موجود ہوتا ہے جو کہ جگر اور غذا کی نالی کو صاف رکھتا ہے، اس کے علاوہ پیاز پوٹاشیئم، فائٹو نیوٹریئنٹس اور فلیونوائڈز سے بھی بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسم کو نزلہ زکام سے لے کر دیگر بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔

دالیں

دالیں بھی جگر کے لیے فائدہ مند ہیں، ان میں پودے سے حاصل ہونے والا پروٹین موجود ہوتا ہے، جگر کے مرض میں ضرورت سے زیادہ پروٹین بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے جبکہ دالوں میں متوازن مقدار میں پروٹین پایا جاتا ہے۔

تازہ ترین