• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیجنڈ برطانوی اداکار شان کونری کی اہلیہ مچلین روکبرون نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے 90 سالہ شوہر اپنی زندگی کے  آخری سالوں میں ڈیمنشیا کا شکار ہو گئے تھے۔

91 سالہ مچلین نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ وہ اہل خانہ کی موجودگی میں پر سکون نیند کے دوران موت کی وادی میں چلے گئے۔

انہوں نے کہا ’شان کونری کی ایسی زندگی نہیں تھی کہ وہ اپنی بات واضح نہ سکیں۔ لیکن اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ اظہار خیال کرنے کے قابل بھی نہیں رہے تھے۔‘

ڈیمنشیا کیا ہے؟

ڈیمنشیا ایک ایسا خاموش مرض ہے جو انسان کو تنہائی کی سیڑھی سے موت کی دہلیز تک پہنچا دیتا ہے۔ پوری دنیا میں اسے ایک خطرناک مرض کی طور پر دیکھا جاتا ہے جو بڑھاپے میں انسانی دماغ اور اعصاب کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔

بڑھاپے میں لاحق ہونے والی اس بیماری کے باعث انسان دماغی اور اعصابی طور پر کمزور ہوجاتا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ بیماری شدید ہوتی جاتی ہے۔

یہ مرض جب بہت پیچیدہ شکل اختیار کر لے تو مریض کے پاس تھوڑا وقت باقی رہ جاتا ہے۔ اگرچہ اسے روکنے کی کوئی دوا دستیاب نہیں تاہم اجتماعی سماجی سرگرمیاں اس کی شدت کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں اور مریض بہتر زندگی گزار سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ہالی ووڈ فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھانے والے شان کونری 90 سال کی عمر میں ہفتے کو دنیا سے رخصت ہوئے۔

شان کونری کا انتقال بہاماس میں ہوا وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ کونری کے لواحقین میں دو بیٹے اور اہلیہ شامل ہیں۔

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے شان کونری نے سب سے پہلے ہالی وڈ کی فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کی اور چار دہائیوں تک سلور اسکرین پر راج کرتے رہے۔

رواں برس اگست میں کونری نے اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی۔

شون کونری کا فلمی سفر سات دہائیوں پر مشتمل تھا اور انہیں 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دی ان ٹچ ایبلز’ میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

ان کی دیگر مشہور فلموں میں دی ہنٹ فار گریٹ اکتوبر، ہائی لینڈر، انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ اور دی راک شامل ہیں۔

شون کونری کے بیٹے کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود ان کے والد کے پرستاروں کے لیے یہ غم کا دن ہے۔

تازہ ترین