• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز، قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ 19 کااجلاس آج ہوگا


عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہونے پر  قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ 19 کا اجلاس آج ہوگا ۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ 19 کا آج اجلاس ہوگا، اجلاس میں  ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حکام وزیراعظم عمرا ن خان کو کوروناوائرس کی تازہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

اجلاس میں اہم فیصلے کیے جانے کے امکانات ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کے مستقبل اور ایس او پیز سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی او سی نے کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا ہے، این سی سی اجلاس میں کورونا پر قابو پانے کے لیے آج سفارشات پیش کی جائیں گی، وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معاشی سرگرمی متاثر کئے بغیر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ابھی ہم اُس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت فیصلے نہ کیے گئے تو صورت حال خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد میں زیادہ سختی کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین