وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان 22 کروڑ آبادی کے ساتھ یورپی یونین کے لیے بڑی مارکیٹ ہے۔
پاک یورپی یونین اسٹرٹیجک ڈائیلاگ سے خطاب میں شا ہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین دنیا کا سب سے بڑا تجارتی بلاک ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے درجے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، یورپی یونین کی ترقی پذیر ملکوں کو تجارتی مراعات قابل تعریف ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے 14 ممالک ایف اے ٹی ایف اور 21 ممالک نیٹو کا حصہ ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہے، ہم نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فائنانسنگ کی روک تھام کے لیے بڑی کوششیں کی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گرین انرجی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کے فائدے کے لیے کام کر رہی ہے۔