ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سمیت 7 تعلیمی اداروں میں عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملتان کے 7 تعلیمی اداروں میں سے 19طلبہ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے اُن 7 تعلیمی اداروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب دوبارہ کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 32 ہزار 376 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 45 لاکھ 73 ہزار 768 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4فیصد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 302 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 26 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 605 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔