• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن جاتے ہی نواز شریف کی ساری بیماریاں دور ہو گئیں، عمران خان

وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف کی بیماری کا سن کر ان کی شکل دیکھ کر کابینہ کی ایک دو خواتین کی آنکھوں میں آ نسو آگئے ، مگر نواز شریف جیسے ہی لندن گئے ان کی ساری بیماریاں دور ہو گئیں۔

حافظ آباد میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سارے اکٹھے ہوئے افراد کو پیغام دینا چاہتا ہوں، پہلے آپ کا اُن سے مقابلہ تھا جو کرسی کے لیے لڑتے تھے، آج آپ سب کا مقابلہ عمران خان سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو سرکس لگا ہوا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 30 سال اس ملک کو لوٹا، یہ امیر ترین ہوگئے اور ملک کو قرضوں میں ڈبودیا، ان کو پاکستان کا انصاف کا نظام نہیں پکڑتا تھا، ان پر کیسز ہم نے نہیں بنائے، یہ ان کے دور کے کیسز بنے ہوئے تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ ان کے دور میں نیب غلام تھی، ہمارے دور میں آزاد ہے، یہ چاہتے ہیں کہ میں کسی طرح نیب کو ختم کر دوں، انہوں نے کہاکہ نیب کی 34 شقوں کو ایسے کر دو کہ نیب ہی ختم ہو جائے کہیں آپ کو ان پر ترس تو نہیں آ رہا۔

انہوں نے کہا کہ جتنے مرضی جلسے کرنے ہیں کرلو، جب تک ملک کا لوٹا ہوا پیسا واپس نہیں کریں گے آپ کو نہیں چھوڑوں گا، ان کے پچھلے 10 سال میں کتنی بار مہنگائی آج سے بہت زیادہ تھی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ 2021ء میں پورے پنجاب کو ہیلتھ انصاف کارڈ مل جائے گا، اس سال آدھے پنجاب کو ہیلتھ انصاف کارڈ ملے گا، ہیلتھ کارڈ سے ایک خاندان کے افراد 10 لاکھ روپے تک سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں کہیں بھی علاج کرواسکیں گے، ایک عام آدمی کو اعتماد ہوگا کہ گھر میں بیماری ہے اور پیسہ نہیں تو ہیلتھ کارڈ ہے۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کارڈ کے پی اور پنجاب میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، ہیلتھ کارڈ کے باعث حافظ آباد جیسے علاقوں میں بھی پرائیویٹ اسپتال بنیں گے، اسکارڈ کی وجہ سے پختون خوا اور پنجاب میں اسپتالوں کا جال بچھ جائے گا، مزدور پناہ گاہ میں ٹھہرتا ہے، جس سے اس کے کرایے کے اور کھانے کے پیسے بچتے ہیں جو وہ اپنے گھر والوں کو بھیجتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں بینکوں سے 5 فیصد سود پر کوئی بھی گھر بنا سکتا ہے، جتنا آپ کرایہ دیتے ہیں وہ آّپ قسط دیں گے اور گھر آپ کا ہو جائے گا، بڑے لوگوں نے روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کی، ہم پہلی بار لوگوں کو مکان دیں گے۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں ہماری حکومت آئی تو 3 سال تک ہمیں سننا پڑا کہ کہاں ہے نیا پاکستان؟ کے پی میں تحریکِ انصاف کو پہلے سے زیادہ اکثریت ملی ،ہمارے پہلے دور میں پختون خوا میں غربت 9 فیصد کم ہوئی۔

تازہ ترین