پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان کی والدہ اور نانی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی ہے جسے بےحد مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے عمران خان نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی والدہ اور نانی کی ماضی کی ایک یادگار اور خوبصورت تصویر شیئر کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصویر میں بتایا گیا کہ’یہ اُن کی والدہ محترمہ اور نانی ہیں۔‘
عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو اُن کے چاہنے والوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب تک اُن کی پوسٹ پر دو لاکھ 49 ہزارسے زائد لائکس آچکے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے قیام کے موقع پر اپنی والدہ شوکت خانم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی والدہ نے اُن کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
عمران خان چھوٹی عمر میں ہی اپنی والدہ کو کینسر کی وجہ سے کھو بیٹھے تھے جس کی وجہ سے اُنہوں نے اپنی والدہ کی یاد میں شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال تعمیر کیا۔
کینسر کا مفت علاج مہیا کرنے والا شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال 90 کی دہائی میں لاہور میں تعمیر کیا گیا جبکہ اس کی ایک شاخ پشاور میں بھی ہےجبکہ عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ اسپتال کینسر کے مریضوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے ایک ماڈل ادارے کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔