اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جنرل سیکریٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ملک میں اپوزیشن کی فضا بن چکی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں میاں افتخار نے کہا کہ پی ڈی ایم نے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں کامیاب جلسے کیے اور اس کے پشاور، ملتان اور لاہور کے جلسے بھی کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے بنی حکومت حواس باختہ ہوگئی ہے، اب اس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
پی ڈی ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ سنجیدگی سے اپوزیشن کررہے ہیں، چاہتے ہیں، صاف اور شفاف الیکشن ہوں، کسی کی مداخلت نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لیے لڑ رہی ہے، ملک میں اپوزیشن کی فضا بن گئی ہے۔
میاں افتخار نے یہ بھی کہا کہ عمران خان بیانات سے پہلے بہت کچھ کہہ چکے ہیں، اپوزیشن کو پکڑ کر مارتے اور کنٹینر کھڑے کرتے ہیں۔