پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں مہمان ٹیم زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 میچوں کے سیریز کے دوسرے مقابلے میں بھی کپتان بابراعظم نے نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے زمبابوے کی طرف سے دیا گیا 135رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر ہی حاصل کرلیا، نوجوان حیدر علی نے 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کپتان بابر اعظم کے ساتھ فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، فخر زمان صرف 5 رنز بناکر مزربانی کا شکار بن گئے۔
دوسری وکٹ پر بابراعظم اور حیدر علی کے درمیان 100 رنز کی فتح گر پارٹنر شپ قائم ہوئی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں طرف کئی دلکش اسٹروکس لگائے۔
110 کے مجموعے پر بابراعظم 28 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اس دوران 8 چوکے اور 1 چھکا لگایا، ان کی وکٹ بھی مزربانی کے حصے میں آئی۔
حیدر علی نے 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے دوران 6 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے لگائے اور ٹیم میں اپنی موجودگی کو درست ثابت کردیا۔
زمبابوے کے بولر مزربانی نے 2 وکٹیں اپنے نام کی، حیدر علی کو ذمے دارانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی، ان کے فیصلے کو بولرز نے درست ثابت کردیا۔
پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن بے بس نظر آئی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 134رنز ہی بناسکی۔
مہمان ٹیم کی طرف ریان برل نے 32 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ گرین شرٹس کے عثمان قادر اور حارث رؤف نے 3،3 جبکہ فہیم اشرف نے ایک زمبابوین کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔
ٹاس کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بتایا تھا کہ دوسرے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دوسری اننگزمیں گیند بیٹ پر اچھا آتا ہے، اس لیے بولنگ کر رہے ہیںجبکہ ہمارے فاسٹ بولرز بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں زمبابوے کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی ، اس میچ میں کپتان بابراعظم نے 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔