کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوتی ہوئی عالمی معیشت کی بدترین صورتحال دنیا کو تیسری جنگِ عظیم کی طرف لے جاسکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار برطانیہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر جنرل نک کارٹر نے ایک غیرملکی خبر رساں ادارے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ معاشی بحران دنیا کو جنگ کی طرف لے جاسکتا ہے تو انھوں نے جواب دیا ان کے ملک کی معیشت کے اس سال اکتوبر سے دسمبر کے دوران دو فیصد تک سکڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنرل نک کارٹر جو برطانوی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ عالمی علاقائی تنازعات بڑھ کر ایک مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور باقی دنیا کو تاریخ اور ان بین الاقوامی غلطیوں سے جو گزشتہ صدی کی دو عالمی جنگوں کا سبب بنی اس سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ کورونا وائرس ہے جو کہ خطرناک ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم جس وقت میں رہ رہے ہیں یہ بہت غیر یقینی اور پریشان کُن صورتحال کا وقت ہے، ہماری زندگیوں میں گلوبل چیلینجز بھی موجود ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے جنرل نک کارٹر کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ہمیں علاقائی تنازعات کا حقیقی خطرہ بھی درپیش ہو سکتا ہے جو بڑھ کر غلط اندازوں کی طرف جاسکتا ہے، غلط اندازوں کا مطلب اس میں زیادہ لوگ شامل ہو جائیں، زیادہ ہتھیار شامل ہو جائیں اور اس سے پہلے کے اس پر قابو پایا جائے یہ جنگ کی صورت اختیار کرلے۔