بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لگائے جانے والے دوسرے لاک ڈاؤن کے اثرات سامنے لگے ہیں۔
اس حوالے سے معلومات کیلئے قائم ادارے سائنسانو کے مطابق بیلجیئم میں 30 اکتوبر سے 5 نومبر کے درمیان روزانہ نئے سامنے آنے والے پازیٹو کیسسز کی تعداد کم ہوکر ساڑھے 9 ہزار انفیکشن روزانہ رہ گئی ہے جو کہ 40 فیصد کمی ہے۔
اس سے قبل 12 سے 13 ہزار افراد روزانہ اس موذی وائرس سے متاثر ہورہے تھے۔ اسی طرح اسپتالوں میں لائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل کمی آرہی ہے۔ اس وقت 6948 کورونا مریض اسپتالوں میں داخل ہیں۔
ان میں سے 1469 انتہائی نگہداشت وارڈ جبکہ 888 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ اس دوران اس عالمی وباء سے ملک میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
سائنسانو کے مطابق 30 اکتوبر سے 5 نومبر کے دوران 180 کے قریب اموات روزانہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جبکہ اس سے گذشتہ ہفتے میں یہ تعداد 147.4 اموات روزانہ تھی۔
فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے ادارے سائنسانو کی جانب سے جاری کردہ مجموعی تعداد کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو بیلجیئم میں اس وائرس کے آغاز سے لیکر ابتک متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد نے 5 لاکھ کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔
یعنی اس بیماری کے آغاز سے لیکر اس وقت تک بیلجیئم میں 500789 افراد متاثر ہوئے۔ جبکہ اس وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 13055 ہے۔ اس وقت تک بیلجیئم میں 53 لاکھ ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جن میں سے 45300 ٹیسٹ گذشتہ ہفتے کے دوران کئے گئے۔