• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین سے متعلق کہنا کچھ چاہ رہا تھا، منہ سے کچھ نکل گیا، پرویز خٹک


وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میں جہانگیر ترین سے معذرت خواہ ہوں، ان کے متعلق کہنا کچھ اور چاہ رہا تھا لیکن منہ سے کچھ اور نکل گیا، میں کہنا چاہ رہا تھا کہ عمران خان مجھ سمیت کرپشن پر کسی کو نہیں چھوڑتا۔

پشاور میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمرا ہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا  کہ اپوزیشن کو کسی نے نہیں روکا، ہر کوئی جلسہ کرسکتا ہے، ہم نے بھی بہت کیے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ این او سی یا کسی اور اجازت نامہ کی ضرورت ہوگی تو حکومت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ جلسے کی اجازت ہوگی تو سب کو ہوگی یا پھر کسی کو بھی اجازت نہیں ہوگی۔


اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ 21 نومبر کو رشکئی اکنامک زون کا افتتاح ہوگا، رشکئی اکنامک زون سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت کی فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 13 نومبر کو سی پیک کانفرنس پشاور میں کریں گے، یہ پہلی حکومت ہے جو خیبر پختونخوا کو بڑے منصوبے دے رہی ہے۔

تازہ ترین