پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 31 ہزار 904 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 47 لاکھ 41 ہزار 507 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 637 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 23 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 550 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 476 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 20 ہزار 45 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 52 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 19 ہزار 431 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 50 ہزار 834 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 687 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 7 ہزار 329 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 420 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 40 ہزار 843 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 290 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 ہزار 110 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 244 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 16 ہزار 152 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 154 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 4 ہزار 830 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 112 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 378 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 93 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔