• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا نوجوانوں کو اقبال کی تحریریں پڑھنے کا مشورہ

پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے طاقتور الفاظ نوجوان پاکستانیوں کو شاہین بننے کا چیلنج دیتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فعال رہنے والے وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی ہے جس کے کیپشن میں اُنہوں نے پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ایک معنی خیز پیغام بھی لکھا ہے۔


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’آج جب پاکستانی نوجوان ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں اخلاقی خلاء کا فرق ہے تو اُنہیں علامہ اقبالؒ کے کثیر الجہتی فلسفہ پر مبنی گہری اور جامع تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’نوجوان پاکستانیوں کی مدد کے لیے علامہ اقبالؒ کی تحریریں گہری رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ نوجوان اپنی شناخت اور اپنے مذہب کی نوعیت کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’شاعر مشرق کے طاقتور الفاظ پاکستان کے نوجوانوں کو شاہین بننے کا چیلنج دیتے ہیں جو اپنے کھانے کے لیے زندہ شکار کرتا ہے نہ کہ گدھ کی طرح جو مردہ جانوروں کا شکار کرتا ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 143ویں یوم پیدائش کے موقع پر عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ افکارِ اقبال متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ پیہم رہنمائی کر رہے ہیں، اُنہوںنےعالم اسلام کے مشہور دانشور اور انقلابی مفکر ڈاکٹر علی شریعتی کا اقبال پر لکھا گیا ایک مضمون بھی شیئر کیاتھا۔

تازہ ترین