• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیدڑ وعدہ کرتا ہے، شیر نبھاتا ہے: مریم نواز


سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ گیدڑ وعدہ کرتا ہے، شیر وعدے نبھاتا ہے، بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں۔

استور کے علاقے چھوگام میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرا دل یہاں سے واپس جانے کو نہیں کرتا، آپ لوگوں نے بہت عزت دی، آپ لوگ بہن، بیٹیوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ محبت کرنا جانتے ہیں تو نواز شریف بھی محبت نبھانا جانتا ہے، مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتی ہے، میں آپ کے ساتھ یہ رشتہ آخری سانس تک نبھاؤں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم عزت کے بدلے عزت کرنا جانتے ہیں، وعدے نبھانا جانتے ہیں، آپ سے جو بھی وعدہ کیا جائے گا وہ نبھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو جو حقوق 72 سال میں نہیں ملے، وہ ملیں گے، آپ کو نواز شریف اور حفیظ الرحمٰن کی خدمت چپے چپے پر نظر آتی ہے۔

نون لیگی کی نائب صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بتائیں کہ کیا نواز شریف نے دل سے آپ کی خدمت کی ہے؟ یہاں کی خواتین کو کالجز اور یونیورسٹیز کے علاوہ لیپ ٹاپس بھی ملنے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹر کوئی اور نہیں، سلیکٹر صرف عوام ہیں، گلگت بلتستان کے عوام ہیں، جتنی چاہے دھاندلی کر لو، جتنے چاہے مسلم لیگ نون کے لوگوں کو توڑ لو۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ بزدل لوٹے ہو سکتے ہیں، بزدلوں کو خرید سکتے ہو، لیکن گلگت بلتستان کے عوام کو نہیں خرید سکتے، کیا ایسے لوگوں کو ووٹ دو گے جو نہ خواتین کا احترام کرتے ہیں اور نہ ہی کسی انسان کا۔


انہوں نے کہا کہ جیل والد سے ملاقات کرنے گئی تو والد کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا، مجھے سچائی کا ساتھ دینے پر، حق کی آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ مجھے گلگت بلتستان کی عوام کی طرح نواز شریف کے ساتھ ڈٹے رہنے پر گرفتار کیا گیا تھا، حکومت کو جھولی اٹھا اٹھا کر بد دعائیں مل رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی تقدیر، ترقی اور خوش حالی کا فیصلہ ایسی حکومت کے ہاتھ میں نہیں دیں جو جاتی نظر آ رہی ہے، حکومت عزت کیلئے کی جاتی ہے، ایسی حکومت سے موت اچھی جس کے بدلے ذلت ملے، جو انہیں مل رہی ہے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورا پاکستان آج جھولیاں اٹھا کر عمران خان اور ان کے لوگوں کو بد دعائیں دے رہا ہے، جس حکومت کو کونے کونے سے بد دعائیں مل رہی ہیں کیا آپ لوگ انہیں ووٹ دیں گے؟

تازہ ترین