• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظہر علی کپتانی سے دستبردار، ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی بابر سنبھالیں گے


تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے جن کے بعد بابر اعظم کو ریڈ بال فارمیٹ میں بھی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کی اظہر علی سے ملاقات کے بعد بابر اعظم کو کپتان مقرر کرنے کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ کچھ روز سے یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ اظہر علی کی جگہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیسٹ فارمیٹ کا کپتان بھی مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اظہر علی پہلے 2016 اور پھر 2019 میں قومی ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان رہے ہیں۔

ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے 9 میچز کھیلے جن میں صرف 2 میچز میں کامیابی ملی جو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف تھی۔

اظہر علی کی کپتانی میں قومی ٹیم کو 4 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔ 

اگر ان کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو اظہر علی نے اپنی کپتانی کے دوران 9 میچز کی 37.07 کی اوسط سے صرف 519 رنز بنائے ہیں جن میں 2 سنچریاں شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اظہر علی کی بطور کپتان خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اظہر علی ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں جن کی کرکٹ اب بھی باقی ہے۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ اظہر علی کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

بابر اعظم سے متعلق احسان مانی کا کہنا تھا کہ کم عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کرلی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی ڈیولپمنٹ کے لیے گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا۔

واضح رہے کہ بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کا پہلا اسائنمنٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہے۔

تازہ ترین