لاہورکی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ اختلاف میاں شہباز شریف کو رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر عدالت کے باہر نون لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی ہو گئی۔
پولیس کی جانب سے میاں شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا ہے۔
لاہور پولیس نے نون لیگی کارکنوں کو زبردستی شہباز شریف کی گاڑی کے آگے سے ہٹا دیا جس پر نون لیگی کارکن مشتعل ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو پر امن رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں حمزہ شہباز کو بھی بکتر بند گاڑی میں نیب عدالت پہنچایا گیا۔
حمزہ شہباز کی آمد پر نون لیگی کارکنوں نے اپنے رہنماؤں کے حق میں خوب نعرے لگائے۔
میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی آمد کے موقع پر عدالت کے باہر اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔